لاہور (رم نیوز)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند اور ترقی کی جانب گامزن ملک ہے، اور دشمن ہمارے اتحاد، یکجہتی اور حب الوطنی کے باعث ہمیشہ ناکامی سے دوچار ہوگا۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور نوجوانوں کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران کہی۔ شرکاء نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پرتپاک استقبال کیا اور افواجِ پاکستان کو ان کی قربانیوں پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" میں حاصل ہونے والی کامیابی کو پوری قوم کی اجتماعی کاوش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے افراد قومی نصب العین، تاریخ اور حب الوطنی کے تحت یکجہتی کی مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کی قومی طاقت کا اہم ستون ہے، اور یہی اتحاد دشمن کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بناتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ ہر مشکل وقت میں مذہبی، لسانی یا علاقائی تفریق کے بغیر متحد ہو کر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، جن کا کردار قومی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔نشست کے اختتام پر طلباء و طالبات نے افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہا اور آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص" کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔