اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے پاور آف اٹارنی پر دستخط کے لیے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت لینے کی خاطر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر ضمانت کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں، جنہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کرنا ان کا آئینی اور قانونی حق ہے۔ تاہم اپیل دائر کرنے کے لیے عمران خان کے دستخط شدہ پاور آف اٹارنی کی فوری ضرورت ہے۔
علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست میں بتایا گیا کہ وکلاء نے متعلقہ قانونی دستاویزات اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو جمع کرا دی تھیں تاکہ وہ عمران خان سے دستخط کرا کر واپس کر دیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مقررہ مدت تیزی سے ختم ہو رہی ہے، جس کے باعث فوری کارروائی ناگزیر ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیل حکام کو عمران خان سے پاور آف اٹارنی پر دستخط کرانے کی ہدایت جاری کی جائے تاکہ قانونی کارروائی بروقت مکمل کی جا سکے۔