ماہِ صفر المظفر 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد (رم نیوز)ماہِ صفر المظفر 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (جمعہ) اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔وزارت مذہبی امور کے مطابق اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کریں گے، جو وزارت مذہبی امور کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں شام کے وقت ہوگا۔

ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیاں بھی اپنے متعلقہ مقامات پر اجلاس منعقد کریں گی، جہاں چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں اور مشاہدات جمع کیے جائیں گے۔چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جو تمام زونل کمیٹیوں اور موسمیاتی اداروں سے حاصل شدہ معلومات کی روشنی میں فیصلہ کریں گے۔

دوسری جانب، سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی اور فلکیاتی حالات کے تحت آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔