اسلام آباد (رم نیوز)پاکستان نے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے پر اسرائیلی پارلیمنٹ کے الحاق کے غیر قانونی اقدام کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی پر جواب دہ ٹھہرایا جائے۔
دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ یکطرفہ اقدام فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ہے اور امن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان نے کہا کہ ایسے اقدامات علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور منصفانہ و دیرپا امن کے امکانات کو نقصان پہنچاتے ہیں۔پاکستان نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے 1967 کی سرحدوں کے اندر القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔اس معاملے پر سعودی عرب، مصر، بحرین، اردن، ترکی، عرب لیگ اور دیگر اسلامی ممالک نے بھی اسرائیل کے اقدام کی سخت مذمت کی ہے اور دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔