ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل جاری، ہلاکتوں کی تعداد 266 تک پہنچ گئی

اسلام آباد(رم نیوز)پاکستان میں مون سون کی موسمی صورتحال شدید تباہ کاری مچا رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 26 جون سے شروع ہونے والی بارشوں اور سیلابی حالات کے باعث ملک بھر میں اب تک 266 افراد جاں بحق اور 628 زخمی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں مسلسل بارشوں سے سکردو میں کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے شدید تباہی ہوئی ہے، جہاں 15 سیاح لاپتہ ہیں۔ سرچ آپریشن کے دوران مزید 6 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ گلگت بلتستان کا فضائی اور زمینی رابطہ بھی معطل ہے جبکہ آزاد کشمیر میں بھی تباہ شدہ علاقوں کے راستے بند ہیں اور ہزاروں مسافر و سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

پنجاب کے جنوبی ضلع راجن پور میں موسلادھار بارش سے ندی نالے طغیانی کے باعث کئی دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے سندھ کے مختلف بیراجوں پر درمیانے سے نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جس سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور کئی ایکڑ زمین دریا برد ہو چکی ہے۔

این ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں اور پنجاب میں شدید بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔کراچی میں آج شام ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ہری پور کی تحصیل غازی اور خان پور میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ندی نالے بپھر گئے ہیں، جہاں مقامی آبادی کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔