پنجاب میں 28 جولائی سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، اربن فلڈنگ کا خدشہ

لاہور (رم نیوز)پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سلسلہ 28 جولائی سے شروع ہو گا، جو 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ، فلیش فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

بارشیں مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا، میانوالی سمیت بیشتر اضلاع میں متوقع ہیں، جبکہ 29 سے 31 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے اضلاع بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ریلیف کمشنر نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بہتے پانی سے دور رہنے اور محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔