گلگت بلتستان (رم نیوز)بابو سرٹاپ کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 10 سے 12 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے 500 سے زائد مکانات تباہ اور 12 کلومیٹر سے زائد سڑکیں متاثر ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ 27 پل اور 22 گاڑیاں سیلابی ریلے کی نذر ہو گئی ہیں۔ مالی اور جانی نقصانات ضلع دیامر میں سب سے زیادہ ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 300 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔ پاک فوج اور دیگر ادارے ریسکیو اور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ فیری میڈوز کا راستہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے، جہاں کئی سیاح پھنسے ہوئے ہیں، جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔