28 تا 31 جولائی بارشوں کا نیا سلسلہ،ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ

اسلام آباد (رم نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق 28 جولائی (کل) سے ملک بھر میں مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو 31 جولائی تک جاری رہے گا۔ شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور شہروں کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 28 سے 31 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔بلوچستان میں 29 سے 31 جولائی جبکہ سندھ میں 30 اور 31 جولائی کو بارشیں متوقع ہیں۔

بعض علاقوں میں طوفانی بارشیں بھی ہو سکتی ہیں۔محکمہ نے دریائے چناب اور جہلم میں پانی کے غیر معمولی اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

ادھر حافظ آباد (سکھیکی) میں 10 روز گزرنے کے باوجود کئی دیہات سے بارشی پانی کی نکاسی نہ ہو سکی، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ زمینی رابطے منقطع ہونے سے امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

دوسری جانب کشمور میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ جاری ہے، جب کہ تونسہ بیراج پر بھی پانی کی آمد و رفت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جا رہا ہے۔ لیہ میں دریائے سندھ کے پانی سے 70 مواضعات زیر آب آ چکے ہیں، جہاں انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

علاوہ ازیں، راول ڈیم میں پانی کی سطح 1,750 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کے باعث سپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ اضافی پانی خارج کیا جا سکے۔محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔