دریائے سندھ میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد علاقے زیرآب، ضلعی انتظامیہ کا الرٹ جاری

ڈی جی خان (رم نیوز)دریائے سندھ میں آنے والے بڑے سیلابی ریلے نے تونسہ کے راستے ڈی جی خان، راجن پور اور کشمور کے کئی دیہات کو متاثر کیا ہے، جہاں پانی آبادیوں اور کھڑی فصلوں میں داخل ہو چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی سے 10 سے زائد دیہات زیرِ آب آ گئے، جبکہ حافظ آباد میں دریا کے کنارے شدید کٹاؤ کے باعث سینکڑوں ایکڑ زرعی زمین دریا برد ہو گئی۔ سکھیکی کے علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔

کشمور میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب ڈکلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ تونسہ شریف کے مقام پر بھی سیلابی صورتحال سنگین ہو چکی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں 31 جولائی تک مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور مری سمیت کئی علاقوں کے لیے وارننگ جاری کر دی ہے۔