لاہور(رم نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس میں پنجاب حکومت سے ییلو ٹرین منصوبے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور ڈی جی واسا کی ذاتی حیثیت میں طلبی ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کے دوران جیل روڈ، مال روڈ اور ایم ایم عالم روڈ کی سروس روڈز ایک ماہ میں مکمل بحال کرنے کا حکم بھی جاری کیا، جبکہ ٹیپا کو مقررہ وقت میں سڑکوں کی مرمت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سماعت کے دوران واسا کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ادارہ اپنا کام مکمل کر چکا ہے، تاہم جوڈیشل واٹر کمیشن کے رکن نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ واسا کا کام ابھی جاری ہے۔عدالت نے محکمہ ماحولیات سے ہیوی ٹریفک اور موٹرسائیکلوں سے متعلق جامع پلان طلب کر لیا اور استفسار کیا کہ ای بائیکس کہاں استعمال ہو رہی ہیں؟ وکیل ماحولیات نے بتایا کہ پالیسی تیاری کے مراحل میں ہے، جو جلد عدالت کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملتان میٹرو منصوبے میں اربوں ضائع کیے گئے، امید ہے کہ کینال روڈ منصوبے میں احتیاط برتی جائے گی۔ واسا کو ہدایت کی گئی کہ زیر تعمیر کام جمعہ تک مکمل کریں، بصورت دیگر کارروائی ہوگی۔ سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی گئی۔