اسلام آباد (رم نیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر سیلابی خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق 28 سے 31 جولائی تک گلگت، اسکردو، ہنزہ، شگر، مظفرآباد، نیلم اور باغ میں بارشیں متوقع ہیں، جن کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ چترال، بونی اور ریشن میں بارش اور گلیشیئرز پگھلنے سے دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نچلے علاقوں میں خطرناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشگی اقدامات کریں اور مقامی آبادی کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔