5 اگست کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کیا جائے گا ، اس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں:عمر ایوب

پشاور (رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔عمر ایوب نے بتایا کہ حکومت نے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کے بعد 5 لاکھ ٹن چینی برآمد کی، جس کی وجہ سے ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں۔ انہوں نے بجلی کے بلوں میں بھی بے تحاشا اضافہ، پیٹرول اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش ظاہر کی۔

عمر ایوب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کی شدید مذمت کی۔عمر ایوب نے وادی تیراہ میں شہریوں پر فائرنگ کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کی شفاف انکوائری ہونی چاہیے تاکہ ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام پر فائرنگ کا ردعمل غیر متوقع ہو سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بھی اس آپریشن کی بھرپور مخالفت کی گئی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں پرامن احتجاج کیا جائے گا اور اس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔