مون سون بارشیں؛ دریاؤں میں طغیانی، کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال، الرٹ جاری

لاہور (رم نیوز)ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، محکمہ موسمیات اور فلڈ وارننگ سینٹر نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر الرٹ ہے۔دریائے راوی، چناب، جہلم اور ستلج میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے اور ڈی جی خان کے علاقے میں بڑا سیلابی ریلا داخل ہو گیا ہے۔

جھنگ میں دریائے چناب میں طغیانی کے باعث 10 سے زائد دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔ فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حافظ آباد میں دریا کے کنارے کٹاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جب کہ تونسہ شریف میں بھی دریائے سندھ کی سیلابی صورتحال برقرار ہے جس سے زرعی اراضی دریا برد ہے۔سیہون شریف میں گزشتہ 10 روز سے کچے کے علاقوں میں سیلابی صورتحال برقرار ہے، جہاں تین یونین کونسلوں کے دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ بھکر اور میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل میں بھی سیلابی پانی نے فصلوں کو نقصان پہنچایا ہے اور کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

ادھر سانحہ بابو سر کے بعد جاری سرچ آپریشن کے دوران ایک نجی ٹی وی چینل کی اینکر کے لاپتا ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ریسکیو ٹیم کو جائے وقوعہ سے متاثرہ اینکر کا پرس اور شناختی کارڈ مل گیا ہے، تاہم تلاش کا عمل تاحال جاری ہے۔