اسلام آباد (رم نیوز)نو مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ضمانت اپیلوں پر سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت مؤخر کر دی گئی۔ سماعت وکیلِ صفائی سلمان صفدر کی عدم دستیابی کے باعث اب 12 اگست کو ہو گی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ آغاز پر چیف جسٹس نے بتایا کہ عدالت کو سماعت مؤخر کرنے کی درخواست موصول ہوئی ہے۔عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکیل سلمان صفدر اس وقت بیرونِ ملک ہیں، لہٰذا کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ آئندہ ہفتے کی تاریخ دی جائے اور تمام فریقین کو فوری نوٹس جاری کیا جائے، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 اگست 2025 تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں، جنہیں لاہور ہائیکورٹ پہلے ہی مسترد کر چکی ہے۔