محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد (رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آج اسلام آباد میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی، سرگودھا، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، لاہور، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش متوقع ہے۔

اسی طرح پشاور، دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مردان، صوابی، باجوڑ، مہمند، کرم، خیبر، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔سندھ میں بیشتر علاقوں کا موسم گرم رہے گا تاہم سانگھڑ، عمرکوٹ، تھرپارکر، مٹھی اور میرپور خاص میں بارش متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، لیکن بارکھان، موسی خیل، لورالائی، خضدار اور آواران میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران ممکنہ سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔