پشاور (رم نیوز)خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 5 اگست کا دن حکومت کے لیے ایک بڑا سیاسی سرپرائز ہوگا، جس کی تیاریاں خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں جاری ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر کارکنان متحرک ہیں اور احتجاج کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ احتجاج منظم اور مؤثر ہو۔
بیرسٹر سیف نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر 26 نومبر جیسے اقدامات دوبارہ کیے گئے تو اس بار "منہ توڑ جواب" دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی، قانونی اور جمہوری حق ہے، اور اسے روکنے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور سیاسی و قانونی مزاحمت کی جائے گی۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور کسی غیر آئینی رکاوٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔