راولپنڈی (رم نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت معرکۂ حق میں شکست کے بعد اب اپنی ناکام سازشوں کو آگے بڑھانے کے لیے پراکسی جنگ میں شدت لا رہا ہے۔ انہوں نے ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کو بھارت کی ناکام پراکسیز قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ یہ تمام گروہ بھارت کی ہائبرڈ وار کے آلہ کار ہیں اور ان کا انجام بھی ماضی کی طرح ناکامی و رسوائی ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے یہ بات منگل کے روز 16ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہی، جس میں ارکانِ پارلیمنٹ، بیوروکریسی، سول سوسائٹی، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور نوجوانوں پر مشتمل ایک متنوع گروہ شریک تھا۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی ترقی کو قومی یکجہتی کے لیے کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نہ صرف دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے بلکہ صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن بلوچستان کے عوام کی حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔فیلڈ مارشل نے اس امر پر زور دیا کہ دہشت گرد کسی قوم، مذہب یا فرقے سے وابستہ نہیں ہوتے، لہٰذا ان کے خلاف متحدہ قومی ردعمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے قومی عزم، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط اقدامات کو ملک کی سلامتی کے لیے بنیادی شرط قرار دیا۔
خطاب کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، قومی سطح پر یکجہتی، اور خطے میں امن کے قیام سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر داخلی و خارجی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور قومی وقار و سلامتی کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔آخر میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں فیلڈ مارشل نے شرکاء کے سوالات کے مفصل اور مدلل جوابات دیے۔