کراچی (رم نیوز)محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہر میں آج بھی تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمیاتی رپورٹ کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے باعث حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔ادھر سندھ کے وسطی اور بالائی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی ہے۔ تھرپارکر اور جامشورو کے بعض علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جزوی طور پر مطلع ابر آلود رہنے اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک کے بالائی علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ کوٹری بیراج پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔