کراچی(رم نیوز) پاکستان نے خلائی تحقیق کے شعبے میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کامیابی سے لانچ کر دیا۔ یہ سیٹلائٹ چین کے ژیچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں بھیجا گیا، جو ملکی ترقی اور قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال میں مددگار ثابت ہوگا۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق، سیٹلائٹ کے ذریعے زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا، جس سے فصلوں کی پیداوار، شہری و دیہی انفراسٹرکچر، اور آبادی کی نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ سیٹلائٹ قدرتی آفات جیسے سیلاب اور زلزلوں کی بروقت نگرانی اور پیشگوئی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
سیٹلائٹ گلیشیئرز اور جنگلات کی صورتحال پر نظر رکھ کر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا جائزہ لینے میں مدد دے گا، جبکہ قومی ترقیاتی منصوبوں خصوصاً سی پیک کے لیے جغرافیائی معلومات کی فراہمی بھی ممکن بنائے گا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی قومی خلائی پالیسی اور "ویژن 2047ء" کے مطابق ہے، اور ملک کو ماحولیات کے تحفظ اور وسائل کے پائیدار انتظام میں جدید سائنسی سہولیات فراہم کرے گا۔