پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ مکمل، ممکن ہے ایک دن پاکستان بھارت کو تیل فروخت کرے: ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (رم نیوز)امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تیل کی تلاش کے لیے تجارتی معاہدہ مکمل ہو گیا ہے۔صدر ٹرمپ کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں حکومتیں مشترکہ طور پر تیل تلاش کرنے والی کمپنی کا انتخاب کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جاپان اور یورپی یونین سمیت کئی ممالک کے ساتھ کامیاب تجارتی معاہدے کر چکا ہے، جن سے امریکا کا تجارتی خسارہ کم ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب امریکی صدر نے بھارت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یکم اگست سے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف لاگو ہوگا۔ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ روس اور چین سے دفاعی و توانائی کے بڑے سودے کیے، جبکہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود رکھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اگر بھارت نے ٹیرف ادا نہ کیا تو اسے بھاری جرمانے کا سامنا ہوگا، جبکہ امریکا پہلے بھارت سے 14.26 فیصد ٹیرف وصول کرتا رہا ہے۔اس کے علاوہ صدر ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو بھی متنبہ کیا، خاص طور پر ایپل کو، کہ اگر اس نے آئی فونز امریکا میں تیار نہ کیے تو کمپنی کو بھی 25 فیصد ٹیرف دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ امریکا میں فروخت ہونے والی مصنوعات امریکی سرزمین پر تیار کی جائیں گی۔