پنجاب میں بارشوں کا الرٹ، لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں فلڈنگ کا خطرہ

لاہور (رم نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔قصور، شیخوپورہ، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ میں بھی موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔ ستلج دریا کے گنڈا سنگھ مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔ لیہ میں سیلاب نے درجنوں دیہات زیر آب کر دیے اور ہزاروں ایکڑ فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ایبٹ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ مون سون بارشوں کے دوران اب تک 289 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 136 بچے، 102 مرد اور 51 خواتین شامل ہیں۔پنجاب میں 158، خیبرپختونخوا میں 64، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 9، آزاد کشمیر میں 2 اور اسلام آباد میں 8 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔