اسلام آباد (رم نیوز)انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے فیض آباد دھرنے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے ان کا اشتہاری ملزم کا درجہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا ہے۔عدالت نے پولیس کو وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ جج طاہر عباس سپرا نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اگر پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے کوئی حکم امتناعی موجود ہے تو اس پر قانون کے مطابق عمل کیا جائے۔
عدالت نے وکلاء کی استدعا پر کیس کی مزید سماعت 6 اگست 2025 تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر کے خلاف تھانہ انڈسٹریل ایریا میں مقدمہ درج ہے، جو بانی تحریک انصاف کی نااہلی کے بعد فیض آباد میں کیے گئے احتجاج سے متعلق ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔