کراچی سے گوادر کے لیے پروازوں میں اضافہ، نئی پروازیں اگست سے شروع ہوں گی

اسلام آباد(رم نیوز)حکومت نے کراچی سے گوادر کے لیے فضائی سفر کو مزید سہل بنانے کے لیے پی آئی اے کی پروازوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی کوششوں سے کیا گیا ہے، جس کے تحت اگست کے پہلے ہفتے سے گوادر کے لیے دو نئی پروازیں چلائی جائیں گی۔

اس وقت کراچی سے گوادر کے لیے صرف ایک پرواز آپریٹ ہو رہی ہے، جس سے شہریوں، تاجروں اور بندرگاہ سے منسلک عملے کو مشکلات کا سامنا تھا۔ نئی پروازوں کی شمولیت سے یہ سہولت بہتر ہو جائے گی۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے بیان میں کہا ہے کہ "تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے فضائی روابط میں توسیع ضروری ہے۔" ان کے مطابق، گوادر فری زونز کی فعالیت اور سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مؤثر فضائی رابطہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "وزیر اعظم شہباز شریف کا کاروبار دوست وژن اسی قسم کے عملی اقدامات کے ذریعے پورا ہو رہا ہے۔ پروازوں کا اضافہ گوادر میں معاشی ترقی کا نیا باب ثابت ہوگا۔وفاقی وزیر کے مطابق، پروازوں کی بحالی سے تاجر برادری، لاجسٹکس شعبے اور پورٹ سٹاف کو خاطر خواہ سہولت ملے گی، جو حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔