لاہور(رم نیوز)اورنج لائن میٹرو ٹرین نے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے ندا صالح کو اپنی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور مقرر کر دیا ہے۔ ندا صالح نے تمام تربیتی مراحل مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر ٹرین ڈرائیونگ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔اسسٹنٹ منیجر تعلقات عامہ، اورنج لائن میٹرو طحہٰ خان کے مطابق، ندا صالح نے جدید میٹرو ٹرین چلانے کی مکمل تربیت حاصل کی، جس میں چینی اور پاکستانی ماہرین نے انہیں ڈرائیونگ، حفاظت اور ٹیکنیکل نظام سے متعلقہ مہارتیں سکھائیں۔
ندا صالح کی بطور خاتون ٹرین ڈرائیور تقرری نہ صرف ایک تاریخی قدم ہے بلکہ یہ خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک عملی پیش رفت بھی ہے، جو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت کو فروغ دے گی۔یاد رہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو عوامی سروس میں شامل ہوئے تقریباً پانچ سال ہو چکے ہیں۔ لاہور میں علی ٹاؤن سے ڈیرہ گجراں تک چلنے والی یہ ٹرین 26 سٹیشنز پر روزانہ صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہر پانچ منٹ بعد روانہ ہوتی ہے، اور اب تک کروڑوں مسافر اس سہولت سے استفادہ کر چکے ہیں۔