ایف بی آر نے بیرونِ ملک سے آن لائن خریداری پر عائد ٹیکس واپس لے لیا

اسلام آباد(رم نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے بیرونِ ملک سے آن لائن آرڈر کیے گئے سامان اور خدمات پر عائد ڈیجیٹل پروسیڈز ٹیکس واپس لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہے اور اس کا اطلاق ماضی پر نہیں ہوگا۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، بیرونِ ملک سے آن لائن منگوایا گیا سامان اور خدمات جو پہلے ہی موجودہ ٹیکس نظام کے تحت آتی ہیں، ان اشیاء پر ڈیجیٹل ٹیکس کا اطلاق نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈز ٹیکس ایکٹ 2025 متعارف کرایا تھا، جس کے تحت پاکستان میں کاروباری موجودگی نہ رکھنے والے غیر ملکی آن لائن پلیٹ فارمز جیسا کہ علی ایکسپریس، ٹیمو اور ایمیزون پر ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔قانون کے مطابق ان پلیٹ فارمز سے خریداری پر صارفین سے 5 فیصد ٹیکس وصول کیا جانا تھا، جس کی کٹوتی بینک، مالیاتی اداروں یا آن لائن ادائیگی کے نظام کے ذریعے ہونی تھی۔ کسٹمز حکام کو بھی اختیار دیا گیا تھا کہ ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر بیرون ملک سے آنے والی اشیاء خریدار کے حوالے نہ کی جائیں۔ایف بی آر کے حالیہ فیصلے کے بعد بیرونِ ملک سے آن لائن خریداری کرنے والے صارفین کے لیے عارضی ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے، اور ان اشیاء پر فی الحال کوئی اضافی ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔