لاڈرہل(رم نیوز) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں 14 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے، جس میں صائم ایوب کی 57 رنز کی شاندار اننگز نمایاں رہی۔ فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24 اور فہیم اشرف نے 16 رنز بنائے۔
جواب میں میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی۔ جانسن چارلس اور جیول اینڈریو نے 35،35 رنز بنائے جبکہ جیسن ہولڈر 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ صائم ایوب کو شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔سیریز کا دوسرا میچ آئندہ دنوں میں کھیلا جائے گا۔