بھارت کے خلاف فیٹف سے رجوع کریں گے، علی امین گنڈاپور کا اعلان

پشاور (رم نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھارت کے خلاف فیٹف (FATF) میں جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے شواہد عالمی سطح پر پیش کریں گے۔اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، اور بھارت نے پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کرانے کی سازش کی، جس کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بھارت نے ماضی میں افغانستان میں قونصل خانے قائم کرکے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دی۔ بلوچستان، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس شواہد موجود ہیں، جنہیں جلد فیٹف سمیت دیگر عالمی فورمز پر پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں اور تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں بھی بھارت ملوث ہے، لیکن پاکستانی قوم، ادارے اور حکومت اس مہم میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "آج عمران خان کا وہ جملہ یاد آتا ہے: 'سمال مین اِن اے بگ آفس'، جو مودی پر مکمل صادق آتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کو 21 اکتوبر 2022 کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالا گیا تھا، جہاں وہ 52 ماہ تک شامل رہا۔