دریائے چناب اور سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب، پی ڈی ایم اے کی وارننگ جاری

لاہور(رم نیوز)پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب اور دریائے سندھ میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لیہ، بہاولنگر، بہاولپور، نارووال، بھکر، قصور، لاہور اور سیالکوٹ میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اور دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم صورتحال قابو میں ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دریائے جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے، جبکہ رودکوہیوں اور ندی نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات کچھ علاقوں میں رودکوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزرے، لیکن پیشگی وارننگ اور حفاظتی اقدامات کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

نارووال کے بسنتر نالہ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال موجود ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 88 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 58 فیصد تک بھر چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق رواں مون سون سیزن میں پنجاب میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 162 افراد جاں بحق، 564 زخمی، 214 مکانات متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔