راولپنڈی(رم نیوز)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر بننے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے اور بھارت کی ممکنہ جارحیت کے حوالے سے پاک فوج کے موقف کو واضح کیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے دی اکانومسٹ کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے صدر بننے کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے سیاسی تجزیوں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے بعد کی قیاس آرائیاں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فوجی کارروائی کے بارے میں کہا کہ اگر بھارت حملہ کرتا ہے تو اس کا جواب مشرق سے دیا جائے گا اور بھارت کے اندر گہرائی میں حملہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ وہ بھی ہر جگہ نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ نہ تو فیلڈ مارشل کی طرف سے صدر بننے کی کوئی خواہش ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے۔