ویسٹ انڈیز نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا

ٹرینیڈاڈ(رم نیوز)ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بلے باز شائے ہوپ کریں گے۔سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں جیول اینڈریو، جے دیا بلیڈز، کیاسی کارٹی، روسٹن چیز، میتھیو فورڈ، جسٹن گریوز، عامر جانگو، شمار جوزف، برینڈن کنگ، ایون لوئس، گوداکیش موتی، شرفین ردرفورڈ، جیڈن سیلز اور روماریو شیفرڈ شامل ہیں۔

سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 8 اگست کو کھیلا جائے گا، دوسرا 10 اگست اور تیسرا اور آخری میچ 12 اگست کو شیڈول ہے۔ویسٹ انڈیز نے سینئر فاسٹ بولر الزاری جوزف کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق، جوزف ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی جگہ آل راؤنڈر روماریو شیفرڈ کو شامل کیا گیا ہے، جو دسمبر 2024 کے بعد پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

شیفرڈ رواں سال انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں شامل نہیں تھے، تاہم ٹیم میں ان کی واپسی سے ویسٹ انڈیز کی آل راؤنڈ صلاحیتوں میں اضافہ متوقع ہے۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے بین الاقوامی درجہ بندی اور آئندہ ٹورنامنٹس کی تیاریوں کے حوالے سے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔