پشاور (رم نیوز)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے اپنے تحریری حکم میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ انہیں مقررہ تاریخ تک گرفتار نہ کیا جائے۔درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ زرتاج گل کو انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد نے 31 جولائی کو غیر حاضری میں 10 سال قید کی سزا سنائی، جس کے خلاف وہ لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتی ہیں۔
عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل اور دفاع کا حق حاصل ہے۔ زرتاج گل نے رضاکارانہ طور پر عدالت میں سرنڈر کیا، لہٰذا انہیں اپیل کے لیے وقت دینا مناسب ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے زرتاج گل کو ایک لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لاہور ہائیکورٹ میں سرنڈر ہونے تک گرفتار نہیں کی جائیں گی۔