جماعت اسلامی کا نومبر میں لاہور میں ملک گیر اجتماع عام کا اعلان

لاہور(رم نیوز)جماعت اسلامی پاکستان نے 21 سے 23 نومبر تک مینار پاکستان لاہور میں ملک گیر اجتماع عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع ہوگا، جس میں ایک بڑی عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اجتماع میں دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے قائدین کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی نے طویل جدوجہد کے بعد ایک باصلاحیت ٹیم تیار کی ہے اور اب جماعت ایک حقیقی متبادل سیاسی قوت کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔

انہوں نے موجودہ نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم و روزگار کے مواقع میسر نہیں، طبقاتی نظام نے تعلیم کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کر دیا ہے، جبکہ مزدوروں اور کسانوں کے حقوق محض آئین کی حد تک محدود ہیں، عملاً ان کی کوئی ترجمانی نہیں ہو رہی۔امیر جماعت اسلامی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو "قوم کو بھکاری بنانے" کا منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ خواتین سے ٹھیکیداری نظام کے تحت کام لیا جا رہا ہے، مگر انہیں ملازمت کے بنیادی حقوق حاصل نہیں۔