پاکستان کا کامیاب آغاز، ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں زیر کر لیا

ٹرینیڈاڈ (رم نیوز)پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ میچ ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49 اوورز میں 280 رنز بنائے۔ ایون لوئس نے 60، کپتان شائے ہوپ نے 55 اور روسٹن چیز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، اوپنر صائم ایوب صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد عبداللہ شفیق (29)، بابر اعظم (47) اور کپتان محمد رضوان (53) نے اننگز کو سنبھالا، تاہم پانچ وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان بلے باز حسن نواز اور حسین طلعت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔دونوں بلے بازوں نے ناقابل شکست شراکت قائم کرتے ہوئے 49ویں اوور میں ہدف عبور کیا۔ حسن نواز 63 اور حسین طلعت 41 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار اننگز کھیلنے پر حسن نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے 2 جبکہ سیلز، موتی اور روسٹن چیز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔