واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیاب ثالثی کے نتیجے میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا، جس پر دونوں ممالک کے سربراہان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام دینے کا مطالبہ کر دیا۔وائٹ ہاؤس میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں صدر ٹرمپ نے بطور گواہ شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر تھے، لیکن انہوں نے لڑائی کے بجائے امن، تجارت اور تعاون کا راستہ اپنایا۔
معاہدے کے تحت آذربائیجان اور آرمینیا ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کریں گے اور باہمی تجارت، سیاحت اور سفارتی تعلقات کو فروغ دیں گے۔ امریکا نے آذربائیجان پر عائد فوجی تعاون کی پابندیاں بھی ختم کر دی ہیں۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف اور آرمینیا کے وزیراعظم نیکول پشینیان نے صدر ٹرمپ کے عالمی امن میں کردار کو سراہتے ہوئے انہیں نوبیل انعام کے لیے نامزد کرنے کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان، اسرائیل اور کمبوڈیا بھی مختلف تنازعات میں ثالثی کے باعث صدر ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے نامزد کر چکے ہیں۔