اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرپرستی میں طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ معاہدہ جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کا نیا دور شروع کرے گا، جس نے طویل عرصے سے جاری تنازعات کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آذربائیجان کے ساتھ ہے۔
شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں اس امن معاہدے کے لیے سہولت فراہم کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ تجارت، روابط اور علاقائی انضمام کے نئے دروازے کھولے گا اور دیگر خطوں کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔