ویسٹ انڈیز کی فتح، سیریز 1-1 سے برابر

ٹرینیڈاڈ(رم نیوز) دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ فیصلہ کن میچ 12 اگست کو ہوگا۔بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 35 اوورز میں 7 وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حسین طلعت 31، صائم ایوب 23 اور عبداللہ شفیق 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت ویسٹ انڈیز کو 181 رنز کا ہدف ملا، جو میزبان ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ روسٹن چیز نے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ شرفین ردرفورڈ نے 45 اور شائے ہوپ نے 32 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔