یوم اقلیت: صدر مملکت کا اقلیتوں کو خراجِ تحسین، مساوی حقوق کی یقین دہانی

اسلام آباد(رم نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ اقلیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی سے ہی خوشحال پاکستان تشکیل دیا جا سکتا ہے۔صدر نے کہا کہ 11 اگست اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، جو قائداعظم کے اُس وژن کی یاد دہانی ہے، جس کے مطابق ہر شہری کو مساوی حقوق اور باہمی احترام حاصل ہونا چاہیے۔

انہوں نے اقلیتوں کی مسلح افواج، عدلیہ، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیتا ہے اور اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، سماجی و مذہبی تحفظ کو یقینی بناتا ہے۔صدر نے بتایا کہ 2009 میں اپنی صدارت کے دوران 11 اگست کو یومِ اقلیت قرار دیا، اور حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح کے لیے پرعزم ہے۔