اسلام آباد(رم نیوز)وزارت مذہبی امور نے حج 2026 کے لیے درخواستیں جمع کرانے کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت غیر رجسٹرڈ افراد بھی 11 سے 16 اگست تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔پہلا مرحلہ 9 اگست کو مکمل ہوا، جس میں 71 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں۔ دوسرے مرحلے میں وہ افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں جنہوں نے ابتدائی رجسٹریشن نہیں کرائی تھی۔
لانگ حج کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ روپے اور شارٹ حج کے لیے 5 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ جیسے ہی حج کوٹہ مکمل ہوگا، درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ تاہم، درخواستیں کم آنے کی صورت میں ایک اور موقع دیے جانے کا امکان ہے۔
وزارت کے مطابق 12 سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی، جبکہ سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسین کی فراہمی بھی لازمی ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی وزارت کے نامزد بینکوں کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔