پشاور (رم نیوز)خیبرپختونخوا حکومت نے چہلم امام حسینؓ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 13 اضلاع میں 7 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، نوشہرہ، کرم، مردان اور لکی مروت میں یہ پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔
اس دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اشتعال انگیز تقاریر، وال چاکنگ، لاؤڈ اسپیکر کا غیر قانونی استعمال، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور آتشبازی پر پابندی عائد ہوگی۔ جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پر موجودگی بھی ممنوع ہوگی۔
علاوہ ازیں، افغان باشندوں کی عوامی مقامات پر نقل و حرکت پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ حکام نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہدایات کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہو گی۔