لاہور (رم نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے ساتویں سپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے دریاؤں میں ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق 13 اگست سے شروع ہونے والے بارشوں کے نئے سلسلے کے باعث دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ محکمہ زراعت، صحت، آبپاشی، لائیو اسٹاک اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر اداروں کو بھی تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ہائی الرٹ پر رہیں، کنٹرول رومز میں عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے اور عوام کو وقتاً فوقتاً صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دریاؤں، ندی نالوں اور تالابوں سے دور رہیں، اور ہنگامی صورت میں فوری طور پر 1129 پر رابطہ کریں۔