پشاور (رم نیوز) خیبرپختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق باجوڑ میں شدت پسندوں کے ساتھ ہونے والا قبائلی عمائدین کا جرگہ ناکام ہو گیا۔ جرگے نے دہشت گردوں سے علاقہ چھوڑنے سمیت تین مطالبات کیے، تاہم دہشت گردوں نے انکار کر دیا۔
تحصیل ماموند کے دو علاقوں میں تقریباً 300 دہشت گرد موجود ہیں جبکہ مقامی آبادی تین لاکھ سے زائد ہے۔ اب تک 40 ہزار سے زائد افراد علاقہ چھوڑ چکے ہیں۔ادھر ضلع خیبر میں بھی 350 سے زائد دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے، جن میں سے 80 فیصد سے زائد کا تعلق افغانستان سے بتایا جا رہا ہے۔