لاہور (رم نیوز)پاکستان کا 78واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رواں سال کو ’’معرکہ حق کی عظیم فتح‘‘ سے منسوب کیا گیا ہے۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فضا ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی، جبکہ مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
شہر شہر اور گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگ بکھر گئے۔ سرکاری و نجی عمارتوں، شاہراہوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ رات 12 بجتے ہی اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک بھر میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی فرائض سنبھالے، جن میں 4 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو قومی سلام پیش کیا۔
لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی، جس میں پنجاب رینجرز کے دستے نے پاکستان آرمی کو چارج دے دیا۔دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منا رہے ہیں۔ سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔