لاہور(رم نیوز)مون سون کے ساتویں اسپیل کے تحت لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
صوبائی دارالحکومت میں صبح سے رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ لکشمی چوک، گڑھی شاہو، ریلوے اسٹیشن، مال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، اچھرہ، کلمہ چوک، لبرٹی، بھاٹی گیٹ اور بادامی باغ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش نے شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساتواں سپیل کل تک جاری رہے گا۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بارش کے دوران نکاسی آب کے لیے ضلعی انتظامیہ، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے کو فیلڈ میں تعینات کر دیا گیا ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق، آج سے 21 اگست کے دوران اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔