دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ، سیلابی صورتحال شدت اختیار کر گئی

ہری پور / قصور / کالا باغ (رم نیوز)ملک کے مختلف دریاؤں میں سیلابی کیفیت سنگین ہوتی جا رہی ہے، ستلج اور دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

قصور میں دریائے ستلج کے کنارے ولے والا گاؤں کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا، پانی کھیتوں اور گھروں میں داخل ہو گیا۔ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر بہاؤ 66 ہزار کیوسک اور پانی کی سطح 19.30 فٹ ریکارڈ کی گئی، مقامی آبادی نقل مکانی پر مجبور ہے۔کالا باغ میں جناح بیراج پر بھی درمیانے درجے کی سیلابی کیفیت ہے، جہاں پانی کی آمد 3 لاکھ 99 ہزار 608 اور اخراج 3 لاکھ 91 ہزار 608 کیوسک ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔