یوم آزادی پر خودکش حملے کا منصوبہ ناکام، حملہ آور گرفتار: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (رم نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے یومِ آزادی پر ہونے والا خودکش حملہ ناکام بنا دیا ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز، سی ٹی ڈی اور پولیس نے مشترکہ آپریشن میں ایک مبینہ خودکش حملہ آور کو گرفتار کر لیا، جو 14 اگست کے موقع پر شہریوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حملے کا ہدف وہ معصوم شہری تھے جو یومِ آزادی کی خوشیاں منا رہے تھے، تاہم سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صوبے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔گرفتار ملزم کا ویڈیو بیان بھی جاری کیا گیا، جس کے مطابق وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے، قائداعظم یونیورسٹی سے ماسٹرز اور پشاور یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر چکا ہے اور گریڈ 18 کا لیکچرار ہے، جبکہ اس کی اہلیہ بھی سرکاری ملازم ہے۔

ملزم نے بتایا کہ 2020 میں ایک تعلیمی دورے کے دوران اس کی ملاقات ایک شدت پسند تنظیم سے ہوئی، جس کے دو ارکان بعد ازاں مارے گئے، جبکہ باقی افراد نے اسے تنظیم میں شامل کر کے بشیر زئی سے ملوایا۔