اسلام آباد (رم نیوز) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مون سون کے مزید دو سپیل متوقع ہیں، جبکہ گلیشیئرز کے پگھلنے سے گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 670 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ ریسکیو اور ریلیف کے لیے 400 سے زائد مقامات پر کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔ فوج، این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی کاربن اخراج میں صرف 1 فیصد حصہ ڈالتا ہے مگر اثرات شدید بھگت رہا ہے۔ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ہے، جس میں امدادی اقدامات اور بین الصوبائی رابطے پر غور کیا گیا۔ تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ صورتحال سے نمٹنے میں مصروف ہیں۔