اسلام آباد (رم نیوز)اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آج بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جب کہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کے خدشے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیاگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے،
شہر قائد کراچی میں صبح سویرے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ صوبائی دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور اس وقت بھی بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے کئی شہروں میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے کچھ اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔