چین کا پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

بیجنگ ( رم نیوز)چین نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں سے دلی ہمدردی ہے۔ ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی عوام اس قدرتی آفت پر قابو پا کر جلد بحالی کی جانب گامزن ہوں گے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چینی سفارت خانہ پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، اور اب تک کسی چینی شہری کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔