کوئٹہ(رم نیوز)بلوچستان بھر میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس دو ہفتے سے معطل ہے جس کی وجہ سے عوام خاص طور پر طلبہ اور آن لائن کاروبار کرنے والے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے طلبہ آن لائن کلاسز میں شرکت سے قاصر ہیں جبکہ فری لانسنگ اور دیگر آن لائن پیشوں سے وابستہ افراد کو مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔
صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی بناء پر موبائل فون انٹرنیٹ سروس 31 اگست تک بند رکھی جائے گی۔ تاہم بلوچستان ہائی کورٹ نے موبائل فون انٹرنیٹ کی معطلی سے متعلق نوٹیفکیشن پر دوبارہ غور کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن علاقوں میں سکیورٹی خطرہ نہیں، وہاں انٹرنیٹ سروس جلد بحال کی جائے۔