پنجاب میں سیلابی خطرہ: وزیراعظم کی فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب میں ممکنہ اربن فلڈنگ اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ اور خانکی کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، متاثرین کے انخلا کے لیے 2 ہزار ٹرک تیار ہیں جبکہ 5 ہزار خیمے متاثرہ علاقوں میں فراہم کیے جا چکے ہیں۔

شہباز شریف نے گجرات، سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ بجلی، سڑکوں اور مواصلاتی نظام کی بحالی فوری یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سندھ میں ممکنہ سیلابی ریلوں سے قبل بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھا جائے، اور تمام صوبے باہمی ہم آہنگی سے کام کریں۔ وفاقی حکومت پنجاب سمیت تمام متاثرہ صوبوں کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔